سکھوں کاواشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، خالصتان کا مطالبہ

واشنگٹن:بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سکھوں نے واشنگٹن ڈی سی میں بھارتی سفارت خانے کے باہر جمع ہوکراحتجاجی مظاہرہ کیا اور خالصتان کے حق میں نعرے لگائے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے خالصتانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور وہ بھارتی پنجاب میں عالمی ریفرنڈم پر زوردیتے ہوئے ایک آزاد سکھ ریاست”خالصتان” کے قیام کا مطالبہ کررہے تھے۔مظاہرے کے دوران سکھ رہنما ڈاکٹر بخشیش سنگھ نے بھارتی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو سکھوں اور دیگر اقلیتوں کا قاتل قرار دیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ خالصتان کا مطالبہ عالمی سطح پر بڑھ رہا ہے اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن جلد آئے گا جب سکھ بھارت سے الگ اپنا وطن حاصل کریں گے۔واشنگٹن میں احتجاج ایک بڑی تحریک کا حصہ ہے اور دنیا بھر کے سکھ پنجاب کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے پرامن ریفرنڈم کا مطالبہ کر رہے ہیں۔مظاہرین نے سکھوں کے حقوق اور شناخت کے لیے جاری جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے ایک خودمختار سکھ ریاست کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔






