رامبن سڑک حادثات میں ایک شخص جاں بحق، دس زخمی

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے ضلع رامبن میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں سرینگر ہائی وے پر بیٹری چشمہ کے قریب ایک ٹرک سڑک سے پھسل کر 700فٹ گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ مرنے والے کی شناخت یاور علی کے نام سے ہوئی ہے۔مقامی افراد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دریں اثناء ایک اور واقعے میں دومسافر گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے سے کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہے۔جموں سرینگر ہائی وے پر حادثات بدقسمتی سے ایک معمول بن چکا ہے، سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اکثرحادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ترقی اور خوشحالی کے بلندو بانگ دعوئوں کے باوجود بھارتی حکومت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے اور سڑکوں کی خطرناک صورتحال کے باعث روزانہ جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔





