مقبوضہ جموں وکشمیر:سرینگر اور دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر سمیت وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ معروف سیاحتی مقام گلمرگ سمیت دیگر کچھ پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں رواں ہفتے کے اختتام تک موسم کی یہی صورتحال جاری رہنے کا امکان ہے ۔ سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10.6ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ شمالی ضلع کپواڑہ میں اس دوران 9.1ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقا م گلمرگ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 5.6ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، ایک اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں اس دوران 5.8ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں موسم کی یہ صورتحال سولہ مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ سترہ مارچ سے اکیس مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنی ایڈوائیزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپوٹروں کو احتیاط برتنے اور ایڈوائیزری پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔





