قوم آج یوم پاکستان بھرپورجوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے

اسلام آباد:آج یوم پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے اوراس تجدید عہدکے ساتھ منا یا جارہا ہے کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ دن 23مارچ 1940کو تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن قائم کرنے کا عزم کیاتھا۔تقریبات کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ریڈیو پاکستان، پی ٹی وی اور دیگر ٹی وی چینلز اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کررہے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم پاکستان پر ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے عزم کا اظہار کیا۔ اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قوم کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے۔صدر زرداری نے ہر پاکستانی پر زور دیا کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہو کر تقسیم اور منفی سوچ کو مسترد کرے اور ایک خوشحال اور انصاف پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرے۔ انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہی جذبہ جس کی وجہ سے پاکستان بنایا گیا، ہمیں روشن کل کی طرف لے جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام، ان کا عزم، محنت اور حب الوطنی میں پنہاں ہے جس سے یہ ملک مشکل سے مشکل وقت سے کامیابی کے ساتھ نکل آیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ درست پالیسیوں، مسلسل کاوشوں اور قومی یکجہتی سے پاکستان معاشی خوشحالی، سماجی انصاف کو برقرار رکھ سکتا ہے اور دنیا کی اقوام میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوم پاکستان ہمارے اجتماعی عزم کو تقویت دیتا ہے اور قربانی اور ثابت قدمی کے جذبے کی یاد دہانی کراتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ابھرتے ہوئے ملک سے جوہری طاقت تک ہمارا سفر ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کی وجہ سے طے ہوا ہے۔ لیکن ہم یہیں نہیں رکیں گے بلکہ آگے بڑھیں گے اوراس میں ثابت قدمی، انتھک محنت اور ایک اجتماعی وژن کی ضرورت ہوگی تاکہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جس کا خواب بابائے قوم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہاںنے یوم پاکستان کی 85ویں سالگرہ پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 23مارچ 1940ہماری تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ایک ایسا دن جس نے ہمارے اجتماعی وژن کو روشن کیا اور ایک آزاد وطن کے قیام کی راہ متعین کی۔





