پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدارحل کا مطالبہ
نیویارک:وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاہے کہ وہ تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ اورپائیدار حل کے لئے اپنی منظورشدہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق فاطمی نے یہ مطالبہ ”بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقراررکھنا: اقوام متحدہ کی امن کارروائیوںمیں موافقت کو فروغ دینااورنئے حقائق کا سامنا کرنا” کے زیر عنوان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطحی کھلے مباحثے میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجودہے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ اور حتمی حل کا منتظر ہے۔ ان قراردادوں میں کشمیری عوام سے وعدہ کیاگیا تھا کہ انہیں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دیا جائے گا۔طارق فاطمی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے۔







