علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر مطابق ہے ، منیر اکرم
اقوام متحدہ:اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے ان خیالا ت کا اظہار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے ایک وفد کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر بین الاقوامی اور علاقائی مسائل اور عالمی ادارے میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی مشن بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے تنازعہ پر سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور بھارتی مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے تنازعہ مقامات پر اقوام متحدہ کی امن فوج کی کارروائیوں میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔منیر اکرم نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام اداروں،خاص طور پر ملک کے اہم مفاد کے معاملے کو اجاگر کر نے میں فعال کردار ادا کررہاہے۔انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان 2025-26کی مدت کیلئے اقوام متحدہ کے طاقت کے مرکز سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کا امیدوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر منتخب ہوا تو یہ پاکستان کو بین الاقوامی اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کی کوششوں میں حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرے گا۔سفیر اکرم نے کہا کہ سفیرمنیر اکرم نے واضح کیا کہ مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کا موقف اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق ہے۔ انہوں نے باور کروایا کہ خامیوں اور ناکامیوں کے باوجود، اقوام متحدہ اب بھی ایک مفید کثیر جہتی فورم ہے جہاں ترقی پذیر ممالک کا بھی موقف سنا جارہاہے ۔پاکستان کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے دہشت گردی کو قومی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے پناہ قربانیوں پر زور دیا۔مندوبین نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں عسکری امور کے دفتر(او ایم اے)نے انہیں امن کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔اس موقع پر پاکستان کے مستقل نمائندے، سفیر عثمان جدون اور پاکستانی مشن کے افسران بھی موجود تھے۔
واضح رہے 12 ارکان پر مشتمل وفد کی قیادت این ڈی یو کے چیف انسٹرکٹر میجر جنرل نعیم اختر کر رہے ہیں جو اس وقت امریکامیں قومی سلامتی اور جنگی کورس (23-24) میں شرکت کر رہا ہے۔