سرینگر: معروف آزادی پسند ہنما غلام محمد نائیکو انتقال کر گئے
حریت کانفرنس کا اظہار تعزیت

سری نگر:تحریک آزادی کشمیر کے معروف رہنما غلام محمد نائیکو مختصر علالت کے بعد سرینگر میں انتقال کر گئے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق غلام محمد نائیکو سوپور کے علاقے سیلو کے رہائشی تھے ۔ وہ آج کل سرینگر کے علاقے بمنہ میں رہائش پذیر تھے۔
مرحوم آزادی پسند تنظیموں الفتح ، پیپلز لیگ اور مسلم کانفرنس کے ساتھ منسلک رہے ۔ وہ انتہائی زیرک، اعلیٰ صلاحیتوں کے حامل اور ایک دور اندیش رہنما تھے۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف جاری تحریک مزاحمت میں گرنقدر خدمات انجام دیں جس کی پاداش میں انہیں بڑے پیمانے پر بھارتی عتاب کا سامنا رہا لیکن وہ ایک عظیم کا ز کیساتھ آخری سانس تک وابستہ رہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انکی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزہ لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر کے رہنماﺅں محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر ، الطاف حسین وانی اور شمیم شال نے بھی غلام محمد نائیکو کی وفات پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیںگی۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔







