بھارت سے پانی، تجارت اور انسداد دہشت گردی پر سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں، وزیراعظم

تہران:وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، یہاں کا دورہ کر کے دلی مسرت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ، ثقافی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے ہم تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تنازع میں تحمل کا مظاہرہ کیا اور ہماری مسلح افواج نے دشمن کو قوم کی حمایت کے ساتھ بھرپور جواب دیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہش مند اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت سے بھارت سے پانی، تجارت اور انسداد دہشت گردی پر سنجیدہ مذاکرات کا خواہاں ہے ۔ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پھر ہم اپنے ملک کا بھرپور دفاع کریں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم ایران کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور ایران کے پرامن نیوکلیئر پروگرام کی حمایت کرتے ہیں۔اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات دیرینہ ہیں اور ہم بھارت و پاکستان کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک سے مطالبہ ہے کہ اختلافات اور مسائل کا آپس میں بات چیت کر کے حل نکالیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو خطے کے امن کیلئے آپس میں بات چیت کرنا چاہیے۔






