یومِ استحصالِ کشمیرکے سلسلے میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور میں تقریب کا انعقاد
پشاور:یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر یونیورسٹی آف ایگریکلچر پشاور میں کشمیری طلباء کمیونٹی اور یوتھ ڈیویلپمنٹ سینٹر کے اشتراک سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر امیریٹس ڈاکٹر جہان بخت تھے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں دائود یوسفزئی اور زاہد اشرف نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وائس چانسلر پروفیسر امیریٹس ڈاکٹر جہان بخت نے معزز مہمانوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے کشمیری قوم کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی کشمیری طلباء کی ہر ممکن اخلاقی و تعلیمی مدد جاری رکھے گی۔حریت رہنمائوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری طلباء پر زوردیاکہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے نصب العین کو بھی لے کر چلیں۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں تحریک آزادیِ کشمیر کی زمام کار آپ ہی کے ہاتھ میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نوجوان جن یونیورسٹیوں یا کالجز میں زیرِ تعلیم ہیں وہاں آپ کشمیر اور تحریک آزادی کے سفیر بھی ہیں۔ آپ نے نہ صرف اس پہچان کو قائم رکھنا ہے بلکہ اس کے نتیجے میں عائد ہونے والی ذمہ داریوں سے بھی غافل نہیں ہونا۔کشمیری طلباء کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر مقدس نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور دفعہ370اور 35اے کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر یوتھ ڈیویلپمنٹ سینٹر پروفیسر ڈاکٹر انور علی شاد نے ا مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں طلبائ، اساتذہ اور مہمانوں نے شرکت کی۔







