ْْقابض حکام نے مزید دو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت اسلام آباداور بارہمولہ اضلاع میں مزید دوکشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی زیرقیادت نئی دہلی کی مسلط کردہ انتظامیہ کے حکم پر ضلع بارہمولہ میں 3کنال اور 18مرلے کے باغات کی زمین ضبط کرلی جس کی مالیت تقریبا ایک کروڑ روپے ہے ۔ یہ زمین آصف مقبول ڈار ولد محمد مقبول ڈار کی ملکیت ہے جس کا تعلق بنڈی پائین بارہمولہ سے ہے اور اس وقت ایچ آئی جی کالونی بمنہ، سرینگر میں رہائش پذیر ہے۔
دریں اثناء بھارتی پولیس نے بجبہاڑہ کے علاقے گُری میں بھی عادل حسین ٹھوکر کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔اگست 2019میں جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو غیر قانونی منسوخی کے بعد سے بی جے پی حکومت نے کشمیریوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کرنے کی مہم تیز کر دی ہے۔اس پالیسی کا مقصد کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنا اورعلاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے راہ ہموار کرنا ہے۔







