کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ، حریت کانفرنس
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کے لیے منصفانہ جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کو عالمی سطح پر ایک منصفانہ جدوجہد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی متعدد قراردادوں میں کشمیری عوام کوانکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں رائے شماری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔حریت ترجمان نے سیاسی رہنمائوں، کارکنوں اور عام شہریوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوںکی روک تھام کے ایکٹ جیسے کالے قوانین کے تحت جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے ہیں عبدالرشید منہاس نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی کارروائیوںکی شدید مذمت کی جو کہ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے جدوجہدآزادی کشمیر کو بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت کرے اور جموں و کشمیر میں رائے شماری کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔







