کشمیریوں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک روارکھا جارہاہے ، محبوبہ مفتی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک روارکھا جارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ضلع اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کوبھارت مخالف قراردیکر سرکاری ملازمتوں سے برطرف کیا جا رہا ہے ۔یہاں تک کہ کشمیریوں کے مکانات کو بھی بھارت مخالف قراردیکر ضبط یاپھر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے اڑا دیا جاتا ہے۔2004میں بابائے حریت سید علی گیلانی کی طرف سے قائم کی گئی تنظیم تحریک حریت کشمیر کے دفتر کی ضبطی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیدعلی گیلانی کا انتقال ہو گیاہے تاہم ان کی بیوہ وہاں مقیم ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے بدھ کو کالے قانون یو اے پی اے کے تحت حیدر پورہ سرینگرمیں سیدعلی گیلانی کی رہائش گاہ کی تین منزلہ عمارت جو تحریت حریت کا ہیڈ کوارٹر بھی تھا کی ضبطی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔








