اسلام آباد:
نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ جیل میں یاسین ملک کی جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے بھارت سے یاسین ملک تک بحفاظت رسائی کا مطالبہ کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ یاسین ملک تہار جیل میں بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی طبیعت انتہارئی ناساز ہے۔انہوں نے کہاکہ حریت رہنما کو علاج معالجے کی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہاکہ یاسین ملک کی صحت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جیلوں میں کشمیری قیدیوں کے ساتھ بہت انتہائی غیر انسانی سلوک روارکھاجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو بھی خط لکھا ہے۔مشعال ملک نے کہاکہ مودی حکومت کشمیریوں کے ساتھ ناروا سلوک کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ دنیا کو بتانا چاہتی ہیں کہ بھارتی حکومت کشمیری عوام کو دھوکہ دے رہی ہے، کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔اس موقع پر یاسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطانہ نے بھی دنیا سے اپیل کی کہ جیل میں قید ان کے والد کی حالت زار پر توجہ دی جائے۔