یوم شہدائے جموں کے موقع پر کشمیر سینٹر لاہور کے زیر اہتمام خصوصی تقریب
لاہور:
کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے سابق وزیر حکومت ناصر حسین ڈار،ممتاز کشمیری رہنما سید نصیب اللہ گردیزی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماانجینئر مشتاق محموداوردیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ یومِ شہدائے جموں منانے کا مقصدجموں کے ان اڑھائی لاکھ شہداکو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہیں نومبر1947میں پاکستان ہجرت کرتے وقت شہید کردیاگیاتھا۔ یہ پاکستان کی محبت میں قربانی کی سب سے بڑی مثال ہے جو جموں کے مسلمانوں نے پیش کی۔ ان شہدا نے اپنی جانیں اس یقین اور محبت کے ساتھ نچھاور کیں کہ ان کی آخری منزل پاکستان تھی۔مقررین نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے بھارتی غاصبانہ تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہر صورت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور کوئی قوم اپنی شہ رگ دشمن کے حوالے نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان سے محبت کی وجہ سے بھارتی ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں، مگر ان شا اللہ بہت جلد یہ ظلم و جبر کی تاریک رات ختم ہوگی اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ مقررین نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے شہدا کو پاکستانی قومی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کرتے ہیں جو انکی پاکستان کے ساتھ محبت کا واضح ثبوت ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی ہرممکن حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں ۔مولانا شفیع جوش،مقبول اعوان، انچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن، سیکرٹری جنرل کشمیر ایکشن کمیٹی فاروق آزاد، بلال بٹ، چوہدری محمد صدیق، علامہ مشتاق قادری، قاضی انوار، علامہ خالد محمود، پروفیسر مظہر عالم، معروف دانشور نذر بھنڈر، نوید ملک اوردیگر نے تقریب سے خطاب کیا۔اس موقع پر فاتحہ قرآن خوانی اور کشمیری شہدا کی بلندی درجات کیلئے بلندی دعا بھی کی گئی ۔








