مقبوضہ جموں وکشمیرمیں خوف و دہشت کا ماحول، راجوری جیل کااچانک معائنہ
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے خوف و دہشت کا ماحول قائم کیا ہے اوربھارتی فورسز نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی آڑ میں کشمیریوں کے خلاف جاری ظالمانہ کارروائیوں کے دوران اچانک ڈسٹرکٹ جیل راجوری کامعائنہ کیا اور تلاشی کی کارروائی کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارتی پولیس، جیل حکام اور سی آئی ڈی کی ٹیموں نے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں جیل کے احاطے کا مکمل معائنہ کیا جہاں کئی افراد کو جھوٹے مقدمات میں نظربند رکھا گیا ہے ۔جیل کے ارد گرد کے علاقوں کی بھی تلاشی لی گئی جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ قابض حکام نے بتایاکہ گزشتہ 72گھنٹوں کے دوران بھارتی فورسز نے وادی کشمیر اور جموں خطے میں کارروائیاں تیز کر دی ہیںجن میں آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔انسانی حقوق کے کارکنوں اور مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں سے علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہواہے ،نقل و حرکت محدود اور معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کارروائیوں کا مقصد مقبوضہ علاقے میں اختلاف رائے کو دبانا اور جدوجہد آزادی کو کچلنا ہے۔راجوری جیل کا معائنہ کشمیریوں کو دبانے کی بھارتی کوششوں کا حصہ ہے جبکہ گھروں پر چھاپوں، گرفتاریوں اور نگرانی سے علاقے میں جاری جبر وتشدد کو تقویت ملتی ہے۔








