امید ہے آزادکشمیر کی نئی حکومت تحریکِ آزادی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی : غلام محمد صفی
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے آزاد جموں وکشمیر کے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کی سنگین اور حساس صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحریکِ آزادی کشمیر کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے ایک بیان میں پرامن انتقال اقتدار پر آزاد جموں وکشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ اور اصولی موقف اپنانے پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری انوار الحق کا واضح، توانا اور حقیقت پر مبنی موقف نہ صرف کشمیری عوام کی امنگوں کا ترجمان بلکہ تحریکِ آزادی کشمیر کے تقاضوں سے بھی مکمل ہم آہنگ رہا۔انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی کو تقویت بخشنے کے لیے حکومتِ آزاد کشمیر کی طرف سے اس کے لئے وسائل مختص کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ غلام محمد صفی نے یقین ظاہر کیا کہ نو منتخب وزیراعظم بھارت کے تازہ ترین ظلم و جبر، آبادیاتی انجینئرنگ، سیاسی قیدیوں کی حالتِ زار، انسانی حقوق کی پامالیوں اور حقِ خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو مدنظر رکھ کرایک مربوط اورجرات مندانہ موقف اپنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج تحریکِ آزادی ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ ایسے نازک وقت میں حکومتِ آزاد کشمیر کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی کردار کو مزید موثر بنائے، عالمی برادری تک کشمیریوں کی آواز زیادہ منظم انداز میں پہنچائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے ریاستی جبر کو بے نقاب کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔انہوں نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی نمائندہ آواز کے طور پر اپنا سفر پوری ثابت قدمی، جرت اور سیاسی بصیرت کے ساتھ جاری رکھے گی اور آزاد کشمیر کی حکومت،مہاجرین اور سیاسی ومذہبی جماعتوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھ کر اور ہم آہنگ ہوکر جدوجہدِ آزادی کے تقاضوں کو پورا کرتی رہے گی۔






