تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، غلام محمد صفی
آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاکستان اور مسلح افواج کو مبارکباد
اسلام آباد: کشمیری حریت رہنمائوں نے کہاہے کہ پہلگام واقعے کے بعد جوہری طاقتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جنگی صورتحال سے پھر واضح ہو گیاہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اوردیگر کشمیری حریت رہنمائوں نے آزاد جموں وکشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت اور اسکے جواب میں پاکستان کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کواجاگر کیا۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر کشمیری عوام کی طرف سے پاکستان کی حکومت و عوام اور افواج پاکستان کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ پہلگام میں 26شہریوں کے قتل کی پاکستان ، کشمیری عوم اور ہر باضمیر شخص نے مذمت کی ۔ تاہم بی جے پی کی ہندوتواحکومت نے بغیر کسی ثبوت کے اس کا الزام پاکستان اور کشمیریوں پر عائد کر کے پاکستان پر جنگ مسلط کر دی اور سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ پاکستان نے واقعے کی آزادانہ اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کش کی تاہم طاقت کے نشے میں چور بھارت نے خود ہی مدعی اور منصف بنتے ہوئے جنوبی ایشیاء کے خطے کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا۔اسکے بعد دنیا نے دیکھ لیا کہ اللہ کے شیر کون ہیں اور کاغذی شیر کون۔میڈیا ہاوسز کے سہارے خود کو خطے کی واحد پاور کہلانے والا بھارت بنیان مرصوص سے ٹکرا کر کس طرح حواس باختہ ہو گیا پوری دنیا نے اس کا مشاہدہ کیا۔ پاکستانی میڈیا نے گودی میڈیا کو دنیا کے سامنے بری طرح بے نقاب کردیا۔

حریت رہنماء نے واضح کیاکہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔مسائل کا منصفانہ اور حتمی حل ریاستی دہشتگردی یا جنگ سے نہیں بلکہ پر امن مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیر کو صرف سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتاہے ۔بھارت کی تمام تر مذموم کوششوںکے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد بھارت میں حصول تعلیم اور تجارت کی غرض سے مقیم کشمیریوں اور جیلوں میں قید کشمیری نظربندوں خصوصا ھریت قائدین کی زندگی اجیرن بنادی گئی ہے ۔انہوں نے اقوام عالم سے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنمائوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پردبائو ڈالنے پر زوردیا۔ انہوں نے عالمی طاقتوں کی توجہ بھارتی وزیر اعظم کے اس بیان کی جانب بھی مبذول کرائی جس میں وہ جنگ بندی کو محض عارضی وقفہ قراردے رہے ہیں ۔پریس کانفرنس میں سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر،ایڈوکیٹ پرویز احمد ، سید یوسف نسیم ، میر طاہر مسعود ، شمیم شال ،راجہ خادم حسین ،سید اعجاز رحمانی ،شیخ عبدالمتین ، شیخ یعقوب،زاہد صفی،امتیازوانی،زاہد اشرف ،شاہین چوہدری ،میاں مظفر،محمد اشرف ڈار ، سید گلشن ،جاوید اقبال بٹ،شیخ عبدالماجد ،نذیر کرنائی ،منظور احمد ڈار، محمد شفیع ڈار ،عدیل مشتاق ، مشتاق احمد بٹ اورچیر پرسن پیس اینڈ کلچر مشعال ملک کے علاہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔








