بھارتی فوج کی سرینگر آمد سے اب تک کئی نسلیں قربان ہو چکی ہیں: حسن البنا
اسلام آباد:پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے رہنما حسن البنا نے کہا ہے کہ 27اکتوبر یومِ قبضہ ہے کیونکہ 1947 میں اسی روزبھارت نے جموں و کشمیر پر حملہ کیا، اپنی فوجیں اتاریں اور علاقے پر قبضہ کر لیاتھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حسن البنا نے ایک بیان میں کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ وحشیانہ طاقت کے ذریعے مزاحمت کے تمام راستے اور طریقے مسدود کر دیے گئے ہیں، کشمیری عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت قبضے کے خلاف پرامن اور مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں بھارتی فوج کی آمد سے اب تک کشمیریوں کی کئی نسلیں قربان ہو چکی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔ عالمی برادری نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں اس حق کی ضمانت دی ہے۔ بھارتی رہنماوں نے بھی بھارت کے اندر اور باہر اپنے وعدوں اور یقین دہانیوں کے ذریعے اسے تسلیم کررکھا ہے۔
حسن البنا نے کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو قید کرنا، ان پر پابندیاں لگانا اور ان کی آواز دبانا صرف عوام کی مشکلات بڑھا سکتا ہے۔ ایسے غیر انسانی اقدامات کسی صورت خطے میں امن قائم کرنے میں مددگار نہیں ہو سکتے۔حسن البنا نے وادی کشمیر میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)کے دفاتر کھولے جانے پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو مسلم اکثریتی علاقے میں لانا دراصل مودی حکومت کی نئی سازش ہے جس کا مقصد کشمیری ثقافت اور شناخت کو مٹانا ہے۔







