پاکستان کی بہترین حکمت عملی نے پہلگام واقعے کے پیچھے کار فرما بھارت کے مذموم مقاصد ناکام بنا دیے، ڈاکٹر فائی

اسلام آباد: معروف کشمیری رہنما اور” ورلڈ کشمیر ایوائیر نس فورم “کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ مودی حکومت کی طرف سے ترتیب دیا گیا ایک ایسا مذموم منصوبہ تھا جسکا بنیادی مقصد حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دہشت گردی اور پاکستان کو ایک دہشت گرد ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کے موقع پر ذرائع ابلا غ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہتر حکمت عملی اور دانشمندی کیوجہ سے پہلگام واقعے کے پیچھے کارفرما بھارت کے مذموم مقاصد ناکام ہوئے اور مودی حکومت کو پوری دنیا میں انتہائی خفت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں کانگریس کے رہنما اور قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے پہلگام واقعے کے بارے میں پارلیمنٹ میں سوال اٹھاتے ہوئے مودی سے پوچھا ”آپ نے کہا تھا کہ اس میں پاکستان ملوث ہے لیکن کسی ملک نے اس کی مذمت نہیں کی اور آپ نے محض ایک فون کال پر سرینڈر کیا، آپ (مودی) نے ہم سے یہ بھی کہاتھا کہ دفعہ370کے بعد مسئلہ کشمیر ختم ہوجائے گالیکن اب تو یہ مسئلہ عالمی سطح پر مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔“
ڈاکٹر فائی نے کہا کہ مئی کی پاک بھارت لڑائی کے بعد دنیا کی پاکستان کے بارے میں رائے بدل گئی ہے کیونکہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی کسی عالمی ادارے سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا ایک اصولی موقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس مثبت طرزعمل سے دنیا جان گئی کہ پہلگام واقعے میں پاکستان ملوث نہیں ہوسکتا۔
انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے” نیوکلیئر فلیش پوائنٹ “ ہونے کی جو بات کشمیری قائدین سید علی گیلانی شہید، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ ایک عرصے سے کرتے آرہے تھے ، بعدازاں صدر ٹرمپ نے بھی یہی بات کی اور کہا کہ ”میں نے پاکستان اور بھارت کو نیوکلیئر جنگ کے دہانے پر پایا ، اس کی بنیادی وجہ کشمیر ہے اور میں اس پر ثالثی کے لیے تیار ہوں۔“ڈاکٹر فائی نے کہا کہ الغرض نریندر مودی جس مسئلے کو ختم کرنے کے درپے تھا ، امریکی صدر کہتا ہے کہ میں اس پر ثالثی کروں گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے منصفانہ اور برحق موقف کیوجہ سے دنیا میں ایک اچھی ساکھ رکھتا ہے، عالمی سطح پر بھی اس وقت تنازعہ کشمیر کے بارے میں انتہائی حساسیت پائی جاتی ہے لہذا پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائے اور دنیا کو اس مسئلے کے حل کیلئے کردار اداکرنے کیلئے راغب کرنے کی کوشش کرے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے مزید کہا کہ مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک سمیت ہماری لیڈر شب برسوں سے جیلوں میں ہے ، بھارت انکے حوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے یہ ہمارے نیلسن منڈیلا ہیں ۔ شبیر احمد شاہ نے مجموعی طور پر 36برس جیلوں میں گزارے ہیں ، یاسین ملک کو عمر قید کی سز ا دی گئی ہے اورمودی حکومت اب انہیں سزائے موت دینے پر تلی ہوئی ہے ، مسرت عالم بٹ پر 35مرتبہ کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا جاچکا ہے ، پاکستان کو ان اسیر رہنماﺅں کی رہائی کیلئے بھی کوششیں کرنی چاہئیں ۔انہوںنے کہا کہ دنیا بہادروں کی عزت کرتی ہے ، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ساتھ لڑائی میں خود کو دنیا میں ایک بہادر کے طور پر منوا لیا ہے لہذا یہ بہترین وقت ہے کہ وہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے عالمی سطح پر اپنی کوششوں میں تیزی لائے۔




