اسلام آباد:حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام دعائیہ تقریب
غیرقانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر شاہ کے چچا کی وفات پر اظہار تعزیت
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتما م غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء شبیر احمد شاہ کے چچا غلام نبی شاہ کے انتقال پر اسلام آباد میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں تقریب میں مرحوم غلام نبی شاہ کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔اس موقع پر غلام محمد صفی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ گزشتہ کئی برسوں سے بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں اور افسوسناک امر یہ ہے کہ انہیں اپنے قریبی عزیز کے انتقال پر نہ آخری دیدار کی اجازت دی گئی اور نہ ہی تعزیت کا حق فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ طرزِ عمل بھارتی قابض حکام کی سنگ دلانہ، غیر انسانی اور جابرانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیری سیاسی نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اور ان کی جلد رہائی کے لئے اقدامات کرنے چاہیے۔تقریب میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ، ایڈوکیٹ پرویز احمد ،سید فیض نقشبندی ،میڈم شمیم شال،راجہ شاہین،جاوید جہانگیر ،زاہد صفی ،شیخ عبدالماجد،محمد اشرف ڈار ،شوکت احمد بٹ بھی موجود تھے۔







