تحریک آزادی کے سینئر رہنما محمد عبداللہ ملک انتقال کر گئے
راولپنڈی: تحریک آزادی کشمیر کے سینئر رہنما محمد عبداللہ ملک مختصر علالت کے بعد آج اسلام آباد میں انتقال کر گئے ہیں ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مرحوم کا تعلق مقبوضہ جموں وکشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے آلوسہ سے تھا۔ وہ بنیادی طور پر جماعت اسلامی سے وابستہ تھے ۔ مرحوم نے کشمیر کاز کیلئے تحریری اور ابلاغی محاذ پر اہم کردار ادا کیا ۔ انہوں نے بھارتی مظالم کی وجہ سے 1990میں آزاد جموں وکشمیر ہجرت کی تھی۔وہ بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی شہید کی سربراہی میں قائم” تحریک حریت جموں وکشمیر “کی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ میں نمائندگی بھی کرتے رہے ۔
وہ انتہائی شریف النفس ، ملنسار اور ہمدر انسان تھے۔ تحریک آزادی میں مرحوم کی خدمات ہمیشہ یا د رکھی جائیں گی۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج سی بی آر ٹاﺅن فیز ون اسلام آبادمیں مرکزی جامع مسجد صدیق اکبر کے احاطے میں نماز عصر کے بعد ادا کی جائے گی۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ اور راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری برادری نے محمد عبداللہ ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔






