بھارت حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھا رہا ہے، حریت کانفرنس
سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور وہ انہیں حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بے انتہا مظالم کا نشانہ بنارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949 کوکشمیریوں کے حق خود ارادیت کے بارے میں ایک قرار دادد منظور کی تھی جس پر عملد رآمد میں واحد رکاوٹ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ہے۔ انہوںنے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیرکا اقوام متحدہ کی قرار ادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پر امن حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2019میں مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے غیر قانونی بھارتی اقدام کے بعد علاقے کی صورتحال مزید بگڑ گئی ۔بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی مذموم پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کشمیریوں کو بھارتی فورسز کے علاوہ این آئی اے، ایس آئی اے جیسے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارں کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر مظالم کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنے شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔۔







