لہہ اپیکس باڈی کاسیاسی حقوق کی جدوجہد کیلئے متحدہ سیاسی محاذ تشکیل دینے کا مطالبہ

لہہ:لہہ اپیکس باڈی نے لداخ کے عوام کے سیاسی حقوق بشمول چھٹے شیڈول کے لیے جدوجہد کو مضبوط بنانے کیلئے متحدہ سیاسی محاذ کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لہہ اپیکس باڈی کے شریک چیئرمین چیرنگ ڈورجے لاکروک نے تمام مقامی سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ضلعی اکائیوں کو تحلیل کر کے اجتماعی مطالبات کے لیے ایپکس باڈی کے تحت متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے سامنے لداخ کی سیاسی امنگوں کوموثر طریقے سے پیش کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔عام آدمی پارٹی کے لہہ ڈسٹرکٹ یونٹ نے اپیل کا جواب دیتے ہوئے اپنے مقامی یونٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کیاہے ۔پارٹی نے کہا کہ چھٹے شیڈول کے تحت حقوق کے مطالبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب لداخ کے رہنما اکتوبر میں ذیلی کمیٹی کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد نئی دلی کے ساتھ بات چیت کے ایک نئے دور کے منتظر ہیں ۔ بات چیت میں لداخ کی ریاستی حیثیت اور چھٹے شیڈول کے تحت حقوق کیلئے تجویز کا مسودہ پیش کیا گیا تھا۔







