بھارت نے یاسین ملک کے بارے میں سیاسی بنیادوں پر کوئی فیصلہ کیا تو اسکے سنگین نتائج نکلیں گے، لبریشن فرنٹ
اسلام آباد:جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی سربراہ محمد یاسین ملک کو بھارتی حکام کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان اعلیٰ محمد رفیق ڈار نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں یاسین ملک کے ساتھ کیے جانے والے بہیمانہ برتاﺅ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے این آئی اے کے تاخیری حربوں اور عدالت میں از خود اپنی حاضری پر پابندی کے فیصلے پر اعتراض اٹھایا۔ یاسین ملک آج کی سماعت کے دوران تہاڑ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
محمدرفیق ڈار نے کہا کہ جے کے ایل ایف کی قیاد ت ہر ممکن سیاسی اور سفارتی وسائل کو متحرک کرے گی تاکہ بھارت پر یاسین ملک کے حوالے سے کوئی بھی ناخوشگوار فیصلہ نہ کرنے کے حوالے سے دباو¿ ڈالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے یاسین ملک کے بارے میں حق و انصاف کے منافی محض سیاسی بنیاد پر کوئی فیصلہ کیا تو اسکے سنگین نتائج نکلیں گے۔ترجمان نے کہا کہ یاسین ملک ایک معروف سیاسی رہنما ہیں جو تنازعہ کشمیر کے ایک پر امن اور سیاسی حل پر یقین رکھتے ہیں اور بھارت کا کوئی بھی حربہ انہیں اپنے عظیم مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔






