بھارت :بجٹ اجلاس سے قبل دہلی اسمبلی کوبم سے اڑانے کی دھمکی
نئی دہلی:دہلی کی قانون ساز اسمبلی کو منگل کی صبح بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے جہاں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا بجٹ پیش کرنے جارہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ دھمکی صبح 7 بجکر 28 منٹ پر اسمبلی کو ایک ای میل کے ذریعے بھیجی گئی جس کے بعد ایک اور ای میل اسپیکر وجیندر گپتا کو صبح 7 بجکر49 پر بھیجی گئی۔ٹائمز آف انڈیا نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ ای میلز میں دھمکی دی گئی ہے کہ اسمبلی کی عمارت اور دہلی میٹرو اسٹیشن کو دھماکے سے اڑا دیا جائے گا۔ای میلز میں مبینہ طور پر کئی اعلیٰ شخصیات کے نام تھے جن میں لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو، وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور کابینہ کے وزیر منجندر سنگھ سرسا شامل ہیں۔بم کی دھمکی کے فوراً بعد بھارتی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تلاشی کی کارروائی شروع کر دی۔ ایک پولیس افسر نے تصدیق کی کہ ہم نے احاطے میں اور اس کے ارد گرد حفاظتی انتظامات کو بڑھا دیا ہے۔حکام اب ای میلز کی چھان بین کر رہے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ احاطے کی تلاشی جاری ہے اور ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔








