مولانا احمداللہ شاہ کو ان کے یوم وصال پر زبردست خراج عقیدت

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورانجمن نصرة الاسلام کے صدر میرواعظ عمرفاروق نے سرکردہ عالم دین اور انجمن نصرة الاسلام کے سابق صدر اورمیر واعظ کشمیرمولانا احمداللہ شاہ کو ان کے 96 ویں یوم وصال پر زبردست خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے مولانا احمد اللہ شاہ کی دینی، تبلیغی ،سماجی اور روحانی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک سچا عاشق رسول ﷺ، متبع سنت و شریعت و طریقت کے ایک ممتاز پیشوا ، انتہائی خلیق اور حسن اخلاق کا مجسمہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم میرواعظ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے کشمیر میں شخصی مظالم کیخلاف اور عوام کے سیاسی اور سماجی حقوق کو بحالی کے لئے وائس رائے ہند کو پیش کئے گئے تاریخی میمورنڈم پر دستخط کئے جس کے نتیجے میں آپ کو حکومتی سطح پر سخت تکالیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف بہانوں سے آپ کا قافیہ حیات تنگ کیا گیا۔
یوم وصال کے سلسلے میںاسلامیہ ہائیر سیکنڈری اسکول راجوری کدل میں ایک خصوصی تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں مولانا ایم ایس رحمن شمس ، پرنسپل منظور احمد اور اساتذہ نے مرحوم میرواعظ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمی خدمات،اسلامیہ اورینٹل کالج کے قیام اور دیگر اصلاحی و سماجی خدمات کی تعریف کی۔ مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے اسلامیہ اورینٹل کالج میں قرآن خوانی کی ایک پروقارتقریب منعقد کی گئی جس میں مرحوم میرواعظ سمیت بانی انجمن علامہ رسول شاہ، انکے رفقا ، انجمن کے دیگر مرحوم صدور ، عہدیداران اورمعاونین کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔





