اتر پریش: تیز ہواﺅں ، موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی،89 افراد ہلاک

لکھنو : بھارتی ریاست اتر پردیش کے کئی اضلاع میں تیز ہواﺅں اور موسلا دھار بارش سے درختوں ، بجلی کے کھمبوں اور رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کم از کم 89 لوگوں کی موت ہو گئی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریلیف کمشنر کے دفتر نے آج جمعرات کو ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا”13مئی کو خراب موسم طوفان، بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے ریاست میں 89 اموات ہوئیں جبکہ 53 افرادزخمی۔ 87مکان تباہ ہوئے اور114 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ضلع پریاگ راج ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ فہرست میںکہا گیا کہ طوفان اور بارش کی وجہ سے ہنڈیا علاقے میں سات، پھول پور میں چار، سوراون میں تین، میجا میں دو اور صدر میں ایک کی موت ہوئی ہے۔
ضلع بھدوہی میںطوفان سے متعلقہ واقعات میں کم از کم 16 لوگوں کی موت ہو گئی۔ کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جبکہ طوفان سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ ضلع فتح پور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اویناش ترپاٹھی نے بتایا کہ ضلع میں طوفان سے متعلق واقعات میں 9 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ تحصیل کھگہ میں پانچ خواتین سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے، جبکہ تحصیل صدر میں ایک گھر کی دیوار گرنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی۔ پرتاپ گڑھ میں، تیز آندھی اور بارش کے درمیان دیوار اور سیمنٹ کے شیڈ گرنے اور آسمانی بجلی گرنے کے الگ الگ واقعات میں چار افراد کی موت ہو گئی۔ لال گنج کوتوالی علاقے کے اوجھا کا پوروا گاوں میں منہدم ہونے والے سیمنٹ کے شیڈ کے ملبے کے نیچے پھنس جانے کے بعد 25 بھیم یادو کی موت ہوگئی۔ کانپور دیہات ضلع میں بارش سے متعلقہ واقعات میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ بھوتھری گاوں میں ایک 19 سالہ خاتون روچی شدید بارش کے دوران بکریوں کے ساتھ نیم کے درخت کے نیچے کھڑی تھی کہ آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو گئی۔ اس واقعے میں کئی بکریاں بھی مر گئیں۔واقعے میں قریب کھڑا ایک 60 سالہ شخص زخمی ہوا۔
حکام نے بتایا کہ نقصانات کے حوالے سے حتمی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔







