راجوری میں بھارتی فورسز کی محاصرے اورتلاشی کی کارروائی 9ویں روز بھی جاری

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز کی طرف سے شروع کی گئی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی اتوار کو مسلسل 9ویں روز بھی جاری رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کے علاقوں گمبھیر موگلہ اور ڈوریمل میںبھارتی فوج، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)،پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور نام نہاد ویلج ڈیفنس گارڈز کا مشترکہ آپریشن آج مسلسل نویں روز جاری رہا۔ قابض حکام نے ان علاقوں میں پیرا کمانڈوز تعینات کر کے آپریشن کو تیز کر دیا ہے جبکہ گھنے جنگلات میں آزادی پسندوں کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے کے لیے ہیلی کاپٹروں، ڈرونز اور سراغ رساں کتوں کا استعمال کیاجارہا ہے۔علاقے میں ؓؓبھاری تعداد میںبھارتی فورسز کو تعینات کیاگیاہے، اضافی کمک اور لاجسٹک سپورٹ بھی علاقے میں پہنچائی گئی ہے۔طویل فوجی کارروائی سے علاقے میں خوف اور بے یقینی کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ آس پاس کے دیہات سخت محاصرے میں ہیں اور بار بار گھروں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ایک اہلکار نے بتایا کہ پورا علاقہ سخت حفاظتی نگرانی میںہے۔ صحافیوںکو علاقے میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
دریں اثناءپونچھ کے علاقے سرنکوٹ اور کشتواڑکے علاقے چھاترو میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔





