ریٹائرڈ بھارتی کرنل کے چونکا دینے والے انکشافات
ریاستی سرپرستی میں بھارتی دہشت گردی کا بھانڈا پھوڑ دیا

اسلام آباد:بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈکرنل نے چونکا دینے والے انکشافات کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی فنڈنگ ،افغانستان انہیں پناہ جبکہ اسرائیل ان دہشتگردتنظیموں کو ٹیکنالوجی اور انٹیلجنس دے رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میںریٹائرڈ کرنل راجیش پوار نے انکشاف کیاہے کہ بھارت،افغانستان اور اسرائیل تینوں کا نشانہ پاکستان اور کچھ حد تک ایران ہے۔ ریٹائرڈ بھارتی آرمی کرنل راجیش پوار نے صحافی شوبھنکر مشرا کے ایک پوڈکاسٹ میں بھارت، افغانستان اور اسرائیل مل کر پاکستان کو بدنام ، تباہ اور غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ۔پوڈ کاسٹ میں بھارت کے منافقانہ اور دوغلے دہشت گردی سے متاثرہ فریق کے بیانیے کا پردہ چاک کرتے ہوئے راجیش پوار نے کھلے عام اعتراف کیا کہ بھارت، اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے بدنامِ زمانہ دہشت گرد تنظیموں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کو اسلحہ، مالی وسائل اور ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ دونوں عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیمیں پاکستانی سرزمین پر لاتعداد خونریز حملوں اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ کرنل راجیش پوار کے تہلکہ خیز اور چشم کشا اعتراف نے بھارت کے برسوں پر محیط دہشت گردی پر مبنی خفیہ ایجنڈے کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بھارت اور اسرائیل مل کر بی ایل اے اور ٹی ٹی پی جیسے عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد گروہوں کو مالی معاونت، اسلحہ اور عملی پشت پناہی فراہم کر رہے ہیں جو پاکستان کے اندر خونریزی، تخریب کاری اور بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ کرنل پوار کے مطابق افغانستان ان دہشتگرد تنظیموں کو محفوظ پناہ گاہیں اور زمین فراہم کرتا ہے، بھارت سرمایہ اور فنڈنگ مہیا کرتا ہے جبکہ اسرائیل جدید اسلحہ، خفیہ معلومات اور انٹیلی جنس سپورٹ فراہم کرتا ہے۔ یہ کوئی قیاس آرائی نہیں بلکہ ایک ریٹائرڈ بھارتی فوجی افسر کا اعتراف ہے جو اب انڈیا ٹوڈے سے وابستہ ایک دفاعی تجزیہ کار اور صحافی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ چونکا دینے والاانکشاف بی جے پی اور آر ایس ایس کے اس پروپیگنڈا نیٹ ورک کو بے نقاب کر تا ہے جو روزانہ جھوٹے بیانیے گھڑ کر پاکستان کو ہر حملے، ہر واقعے اور ہر بحران کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کرتا ہے۔ برسوں سے بھارت اپنی بدنامِ زمانہ تھر ی ڈی حکمت عملی یعنی *پاکستان کو بدنام ، تباہ اور عدم استحکام سے دوچار کرنے پر عمل پیرا ہے۔ وہ جھوٹے بیانیوں، میڈیا ٹرائلز اور منظم پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو بدنام کرتا ہے، پراکسی دہشت گردی کے ذریعے امن کو سبوتاژ کرتا ہے، اور شدت پسند گروہوں کو پیسہ، اسلحہ اور سہولتیں فراہم کر کے پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔بھارتی کرنل کا اعتراف ایک ناقابل تردید ثبوت ہے،جس سے واضح ہوتا ہے کہ خطے میں دہشت گردی کا اصل سرپرست اور پشت پناہ کون ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب نریندر مودی اور اس کے وزرا دنیا بھر کے فورمز پر دہشت گردی کے خلاف بے بنیاد دعوے کرتے ہیں تو بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ کرنل نے بی جے پی کی پاکستان دشمن جنونیت اور منافقت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیاہے۔عالمی سطح پر اب بھارت کا نقاب مکمل طور پر اتر چکا ہے۔ بھارت کا دہشت گردی پر مبنی نیٹ ورک، اس کی پراکسی وار حکمت عملی اور خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا منصوبہ دنیا کے سامنے بے نقاب اور جھوٹ، فریب، دوغلے پن اور منافقت کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔






