مقبوضہ کشمیر :غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما مشتاق الاسلام شدید علیل
جیل انتظامیہ علاج معالجہ فراہم نہیں کررہی، حریت کانفرنس کا اظہار تشویش

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند رہنما مشتاق الاسلام کی جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں صحت انتہائی خراب ہو گئی ہے لیکن جیل انتظامیہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم نہیں کر رہی ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشتاق الاسلام ذیابطیس کے مرض میں مبتلا ہیں جس کے باعث ان کے گردوں کا نظام بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ ان کے پائوں شدید سوجن کا شکار ہیں جبکہ ان کی بینائی بھی تقریبا 90 فیصد ختم ہو چکی ہے۔ قابض بھارتی انتظامیہ شدید علالت کے باوجود انہیں نہ صرف مسلسل قید رکھے ہوئے ہے بلکہ علاج معالجہ بھی فراہم نہیں کر رہی ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سیاسی قیدیوں کو علاج کی سہولت سے محروم رکھنا انسانی حقوق کے بین الاقوامی اصولوں اور قوائد و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں مشتاق الاسلام کی گرتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام کی غفلت اور بے حسی کے باعث ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنما کو طبی سہولیات سے محروم رکھنا سراسر ایک غیر انسانی رویہ ہے۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی ریڈ کراس اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مشتاق الاسلام کی زندگی بچانے کے لیے فوری مداخلت کریں اور انہیں فوری اور مناسب علاج کی فراہمی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔







