
نئی دہلی: دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایئر انڈیا کے تین طیاروں کو نقصان پہنچنے کے بعد بھارت کے ہوا بازی کے شعبے کو شرمندگی کا سامناکرنا پڑرہا ہے جس سے آپریشنل سیفٹی اور بنیادی ڈھانچے کے انتظام پر شدید تشویش پیداہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو ٹرمینل 2 پر اس وقت پیش آیا جب اچانک تیز ہواو¿ں اور بارش کی وجہ سے ایئر انڈیا اور انڈیگو کے انجینئرنگ آلات اپنی جگہ سے ہٹ کر کھڑے طیارے سے ٹکرا گئے۔ واقعے کے بعد ایئر انڈیا کے تینوں طیاروں کو گراو¿نڈ کر دیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کے آپریٹر کاکہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے موسم کی کوئی پیشگی انتباہ جاری نہیں کی تھی، جس سے ملک کے مصروف ترین ہوائی اڈے پر کوآرڈینیشن اور تیاری کے حوالے سے سوالات پیدا ہوئے۔ایئر لائن کے ذرائع نے بتایا کہ موسم کی اچانک تبدیلی سے دیگر آپریٹرز کے طیارے بھی متاثر ہوئے۔اس واقعے پر ہوا بازی کے ماہرین بھی تنقید کررہے ہیں جو اسے بھارت کی ہوا بازی کی صنعت میں بڑھتے ہوئے عدم استحکام اور بحران کی ایک اور علامت قرار دیتے ہیں۔







