بھارت :اتر پردیش میں دلت شخص کو پیٹ پیٹ کرقتل کر دیا گیا

لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدارریاست اتر پردیش میں ایک 33 سالہ دلت شخص کو پیٹ پیٹ کرقتل کر دیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راجکمار عرف چھنو نامی دلت شخص کو ضلع للت پور میں گرونانک دھرم شالہ کے قریب تین ساتھی کارکنوں نے اس وقت پیٹ پیٹ کرقتل کر دیاجب وہ ایک ساتھ شراب پی رہے تھے اور اس نے ان کے پیروں کی مالش کرنے سے انکار کیا ۔راجکمار کا تعلق دلت برادری سے تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے اس پر بیلٹ اور لوہے کی سلاخوںسے حملہ کیا اور اس کی لاش کو سڑک کے کنارے پھینک دیا تاکہ موت کو سڑک حادثہ ظاہر کیا جا سکے۔ایڈیشنل ایس پی کالو سنگھ نے بتایا کہ تینوں ملزمان نے راج کمار سے پیروں کی مالش کرنے کو کہا، جب اس نے انکار کیا تو تینوں نے اس پر بیلٹ اور لوہے کی سلاخوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔






