محرم انصاف اور اخلاقی اقدار کے لیے کھڑے ہونے کی یاد دلاتا ہے، میر واعظ
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران اتحاد، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کی اقدار کو برقرار رکھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے محرم سے قبل ایک پیغام میں کہا کہ مقدس مہینہ قربانی، صبر، انصاف اور ہمدردی کا لازوال پیغام دیتا ہے جو کربلا میں حضرت امام حسین ؑ اور ان کے ساتھیوں کی زندگی اور شہادت میں پیوستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ محرم ظلم کے مقابلے میں سچائی، انصاف اور اخلاقی اقدار کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہونے کی ضرورت کی ایک طاقتور یاد دہانی ہے۔میرواعظ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے جذبے کو برقرار رکھیں جو طویل عرصے سے کشمیری معاشرے کی پہچان ہے۔انہوں نے علمائے دین، کمیونٹی رہنماﺅں، منتظمین اور عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ محرم الحرام کو نظم و ضبط اور باوقار طریقے سے گزاراجائے اوراحترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیا جائے۔میرواعظ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوشحالی، ہم آہنگی اور فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔






