کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے سینئر حریت رہنماء غلام نبی سمجھی کی جلد صحت یابی کی دعا

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے ممتاز کشمیری بزرگ سینئر حریت رہنما حاجی غلام نبی سمجھی کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر دلی رنج و غم اور سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی، عدیل مشتاق وانی اور جملہ کشمیری حریت قیادت نے اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ سینئر حریت رہنما حاجی غلام نبی سمجھی کے حادثے میں زخمی ہونے کی خبر پوری حریت قیادت اور کشمیری عوام کے لیے باعث افسوس اور انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں صحتِ کاملہ عطا فرمائے ، انہیں ہر قسم کی جسمانی تکلیف اور آزمائش سے نجات دے ور انہیں جلد از جلد مکمل صحت کے ساتھ اپنی معمول کی زندگی اور قومی خدمات کی انجام دہی کے قابل بنائے۔ حریت قیادت نے کہا کہ حاجی غلام نبی سمجھی تحریکِ آزادی کشمیر کے نہایت مخلص، ثابت قدم اور باوقار رہنمائوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور قومی تشخص کے تحفظ کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ ان کی سیاسی، قومی اور عوامی خدمات تحریکِ آزادی کشمیر کا ایک قابلِ قدر سرمایہ ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی پوری قیادت، کارکنان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام حاجی غلام نبی سمجھی اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے اللہ تعالی سے زخمی رہنما کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی ۔








