کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام دعائیہ مجلس کا انعقاد
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں کنوینر غلام محمد صفی کی زیرِ صدارت ایک دعائیہ مجلس کا انعقادکیا جس میں مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے تحریک آزادی کشمیر کے ممتازرہنما مرحوم چوہدری حاکم الدین کے ایصالِ ثواب کے لئے دعا کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس میں تحریکِ آزادی کشمیر کے لئے مرحوم کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ چوہدری حاکم الدین تحریکِ آزادی کشمیر کے ایک مخلص، ثابت قدم اور سرگرم کارکن تھے۔ انہیں حقِ خودارادیت کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں بھارتی جبر و استبداد کا سامناکرنا پڑ اوروہ آٹھ برس تک پابندِ سلاسل رہے ، تاہم بھارتی مظالم ان کے عزم و استقلال کو متزلزل نہیں کرسکے۔ رہائی کے بعد بابائے حریت سید علی گیلانی نے مرحوم کو پونچھ و راجوری میں خصوصی نمائندہ مقرر کیا جو ان پر اعتماد اور ان کی صلاحیتوں کا واضح اعتراف تھا۔ بھارتی مظالم اور ریاستی جبر کے باعث مرحوم کا آدھا خاندان ہجرت پر مجبور ہوا اوروہ آزاد جموں کشمیر میں مہاجرانہ زندگی گزاررہے ہیں۔ شرکاءنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت بخشے۔تقریب میں دیگر لوگوں کے علاوہ حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سابق کنوینر محمود احمد ساگر، شمیم شال،راجہ خادم حسین، سید کفایت رضوی، زاہد صفی، شیخ عبدالماجد، محمد اشرف ڈار، سید گلشن، امتیاز احمد وانی، ظہور صفی اور زاہد اشرف نے بھی شرکت کی ۔
دریں اثناءمظفرآبادمیں تحریک آزادی کشمیر کے سینئر رہنمااور سابق امیرِ جماعتِ اسلامی صوبہ جموں مرحوم سعد اللہ تانترے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔ عامر عمارکی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں جموں خطے سے تعلق رکھنے والے آزادی پسند رہنماو¿ں نے شرکت کی ۔ مقررین نےکہا کہ سعد اللہ تانترے نے اپنی پوری زندگی دعوتِ اسلامی اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے وقف کردی تھی۔ انہوں نے تحریکِ اسلامی اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب میںتحریکِ آزادی کشمیر کے لئے عبدالرشید متو ، غلام محمد شیخ اور ماسٹر غلام نبی گندنہ کی خدمات کو بھی سراہاگیا۔






