پلوامہ: قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے سنجی واتورہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ کئی روز سے پینے کا پانی دستیاب نہیں ہے جسکی وجہ سے وہ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینکڑوں مظاہرین جن میں زیادہ تر خواتین تھیں، خالی برتن ٹھائے سڑکوں پر نکل آئے اور اپنی مشکلات کے تئیں بھارتی انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف نعرے لگائے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں اور معاملے کی طرف توجہ دلانے کے باوجود انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہو رہی ۔
مظاہرین نے بتایا کہ انکا گاوں پلوامہ ضلع ہیڈکوارٹر سے بمشکل دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے لیکن پھر بھی انہیں پینے کے پانی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور گاو ں کے لوگ زندگی کی سب سے بنیادی ضروریات میں سے ایک کے لیے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے پانی کی فراہمی کی بحالی تک اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم کیا۔






