بھارتی حکومت کشمیری سیاسی رہنماوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے : حریت رہنما

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند ہزاروں کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالتِ زار اوران کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کا فوری نوٹس لیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے رہنماوں شیخ عبدالمتین، محمد اشرف ڈار اور میاں مظفر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیری سیاسی رہنماوں، کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نظربندوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (UAPA) جیسے کالے قوانین کے تحت گرفتار کرکے سالہاسال سے جیلوں میں بند رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میاں عبدالقیوم، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر حمید فیاض، نعیم احمد خان، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ایاز محمد اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، نور محمد فیاض، حیات احمد بٹ، فیاض حسین جعفری، شوکت حکیم، ظفر اکبر بٹ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، رفیق احمد گنائی، عمر عادل ڈار، سلیم ننا جی، محمد یاسین بٹ، فاروق احمد توحیدی، غلام محمد خان سوپوری، انسانی حقوق کے ممتاز کارکن خرم پرویز، صحافی عرفان معراج سمیت ہزاروں کشمیری مختلف بھارتی جیلوں میں نظربند ہیں۔حریت رہنماوں نے کہا کہ بھارت انسدادِ دہشت گردی کے نام نہاد قوانین اور عدالتی نظام کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرنے والی آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کو قانونی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں طویل عرصے تک بلاجواز قید میں رکھ کر بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔حریت رہنماوں نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیری سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی، ان کے بنیادی انسانی و قانونی حقوق کے تحفظ اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نظربندوں کو عدالتی دہشت گردی سے بچانے کے لیے بین الاقوامی مداخلت وقت کی اہم ضرورت ہے۔






