کشمیر سینٹر لاہور کے زیر اہتمام یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر دعائیہ تقریب
لاہور: لاہور میں کشمیر سنٹر کے زیرِ اہتمام یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر مسجد دارالسلام، جناح باغ میں ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 13 جولائی 1931 کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما انجینئر مشتاق محمود، محاذِ رائے شماری کے رہنما آفتاب نازکی، مذہبی رہنما علامہ فدا الرحمان حیدری، کشمیر سنٹر کے انچارج انعام الحسن، مرزا نثار بیگ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ 13جولائی 1931 کو مسلمانان کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی۔ اس دن ایک اذان کی تکمیل کے لیے 23کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ڈوگرہ سامراج کے خلاف بغاوت کا علم بلند کیا جو جلد ہی تحریک آزادی میں تبدیل ہوگیا اور آخرکار 1947 میں ڈوگرہ ظلم وجبر کے دور کا خاتمہ ہوا۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی 13جولائی 1931 کے سانحات کو دہرایا جارہاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ان پر بدترین مظالم ڈھارہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ مقررین نے مزید کہا کہ کشمیری عوام آج بھی بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ وہ مسلسل اپنی جانوںو مال اور عزتوں کی قربانیاں پیش کرتے چلے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگااور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔تقریب کے اختتام پر علامہ فدا الرحمان حیدری نے 13 جولائی کے شہدا کے درجات کی بلندی اور جموں و کشمیر میں امن کے لیے خصوصی دعا کرائی۔








