بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی،26 افراد ہلاک
امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں
نئی دلی: بھارت میں شدید مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے ۔ مختلف ریاستوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور کلاوڈ برسٹ کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموں و کشمیر، ناگالینڈ اور اتراکھنڈ شامل ہیں، جہاں شدید بارشوں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے۔مقبوضہ کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک آنے والے سیلاب کے باعث متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔جموں خطے میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور،تعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔راجوری اور پونچھ سمیت مختلف اضلاع میں کلاوڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے سڑکوں، رہائشی مکانات اور کاروباری مراکز کو نقصان پہنچا، جبکہ کئی علاقوں میں آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔دیگر بھارتی ریاستوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث حادثات میں متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔







