بھارت کے تعلیمی نظام پرہندوروا آر ایس ایس قابض ہے
نریندر مودی تاریخ میں بھارتی نوجوانوں کے بدترین دشمن ہیں: راہول گاندھی

نئی دلی:بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے کارکنوں اور طالبعلموں پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندو انتہا پسند جماعت آر ایس ایس نے بھارت کے تعلیمی نظام پر قبضہ کر رکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بیان میںکہاکہ بھارت کی زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لیکن نریندر مودی بھارتی تاریخ کے سب سے زیادہ نوجوان مخالف وزیراعظم ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بھارتی نوجوانوں کا اگر کوئی بدترین دشمن وزیراعظم ہے تو وہ نریندر مودی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں اکٹھے ہونے والے ہزاروںبچے اور بچیاں اپنے بہتر مستقبل اور تعلیم کے حوالے سے جائز مطالبات کر رہے ہیں کیونکہ بھارت کا تعلیمی نظام بالکل بوسیدہ ہو چکا ہے اور آر ایس ایس نے بھارت کے تعلیمی نظام پر قبضہ جما لیا ہے۔راہل گاندھی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سزا ملی ہے تو وہ دن رات محنت کرنے والے ان نوجوانوں کو ملی ہے جنہیں احتجاج کرنے اور وفاقی وزیرِ تعلیم سے استعفی مانگنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے اپنے جائز مطالبات کے لیے جمع طالبعلموں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کرنا انتہائی شرمناک ہے اور یہ ایک غیر جمہوری عمل ہے۔راہل گاندھی نے کہاکہ ہم یہ معاملہ ہفتوں یا مہینوں سے نہیں بلکہ سالوں سے بطور بنیادی حقوق اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں لیکن مودی نے بھارت کے تمام نوجوانوں کی بے توقیری کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پولیس نے نئی دہلی میں اپنے حقوق کے لیے جنتر منتر پر جمع ہزاروں کی تعداد میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں پر بدترین تشدد کیا جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔







