بھارت : اروناچل پردیش میں مجوزہ ڈیم کی تعمیر کے خلاف احتجاج کے بعد اضافی فورسز تعینات
نئی دہلی:بھارت نے اپنی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش میںایک بڑے ڈیم منصوبے کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے بعد بھارتی فورسز کے اضافی اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تبت کی سرحد سے متصل وادی سیانگ میں گزشتہ ہفتے احتجاج پرتشدد ہو گیا۔ اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے کم از کم 21افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے آنسو گیس کے گولے برسائے، جبکہ نوجوان مظاہرین نے پتھرا ئوکیا۔ انہوں نے ایک پولیس اسٹیشن اور سرکاری نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن کے دفتر کو بھی آگ لگا دی۔
اروناچل پردیش کے پولیس سربراہ ایس ڈی سنگھ جموال نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا، جہاں ضرورت ہوگی، وہاں فورسز کی تعداد بڑھائی جا ئے گی۔ ہم امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں چاہتے۔وادی سیانگ میں گزشتہ دو سال سے وقفے وقفے سے احتجاج جاری ہے۔ یہاں سرکاری نیشنل ہائیڈرو الیکٹرک پاور کارپوریشن 11,200میگاواٹ کا سیانگ اپر ملٹی پرپز منصوبہ تعمیر کرے گی۔منصوبے کے مخالف دیہاتیوں کو خدشہ ہے کہ ڈیم سے آدی قبیلے کے آبائی گائوں زیر آب آ جائیں گے۔
سیانگ انڈیجینس فارمرز فورم کے گیگونگ جِجونگ نے میڈیا کو بتایاکہ ہم اس ڈیم کی مخالفت جاری رکھیں گے، جب تک اسے منسوخ نہیں کیا جاتا۔ اگر یہ تعمیر ہوا تو ہمارے 27آبائی گائوں مکمل طور پر زیر آب آ جائیں گے۔ کم از کم مزید 40سے 50گائوں بھی متاثر ہوں گے۔دریائے سیانگ تبت سے اروناچل پردیش میں داخل ہوتا ہے۔ تبت میں اسے یارلنگ زانگبو کہا جاتا ہے۔
چین نے دسمبر 2024 میں دریا کے بالائی حصے پر دنیا کا سب سے بڑا پن بجلی ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔چین اروناچل پردیش پر دعوی کرتا ہے اور اسے جنوبی تبت کا حصہ قرار دیتا ہے۔ چین اس علاقے کو زانگنان کہتا ہے۔ بھارت کا موقف ہے کہ اروناچل پردیش اس کا اٹوٹ حصہ ہے۔





