پاکستان کی طرف سے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ ان اقدامات کا مقصد غیرقانونی زیرِتسلط جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کے غیرقانونی اقدامات کو سات برس مکمل ہونے کے موقع پردفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ پاکستان نے مودی کی بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کیلئے منائے گئے یومِ استحصال کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جرات، ثابت قدمی اور غیرمتزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان، جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد کی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا جیسا کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں اس حق کی ضمانت دی گئی ہے۔






