پاکستان

بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کیخلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیرہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی داخلی و خارجی سلامتی، علاقائی صورتحال، اور قومی دفاعی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشتگرد تنظیموں کے ہاتھوں ہونے والے حالیہ بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔فورم نے دہشتگرد پراکسیزکیخلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ اور سلامتی مسلح افواج کی اولین ترجیح ہے۔ شرکا نے متفقہ طور پر توثیق کی کہ بھارتی حمایت یافتہ اور اسپانسرڈ پراکسیز کے خلاف ہر سطح پر فیصلہ کن اور جامع کارروائیاں وقت کی اہم ضرورت ہے۔فورم نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پہلگام واقعے میں واضح شکست کے بعد بھارت اب فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد نیٹ ورکس کے ذریعے اپنے مذموم ایجنڈے کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ایران، ترکیے، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ کامیاب دوروں پر فورم کو بریفنگ دی۔ اس کے ساتھ ہی فورم کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تاریخی اور منفرد دورہ امریکا کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل نے بھارت کے جانب سے دوطرفہ کشیدگی میں کسی تیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوششوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی بلاک پولیٹکس کو فروغ دینے کی بھونڈی کوشش ہے جس کا مقصد بھارت کے خود ساختہ نیٹ سکیورٹی پرووائڈر کردار کو غلط انداز میں پیش کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اب بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہاپسندی کے خطرناک رجحانات سے بدظن ہوتی جارہی ہے،بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہے۔فورم کو جنگ کی بدلتی نوعیت اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں پاک فوج کی اسٹریٹیجک حکمت عملی اور جدید رجحانات سے ہم آہنگ تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل نے سروسز چیفس کی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی قیادت کو سراہا۔کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کو درپیش تمام خطرات کے خلاف پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کی حفاظت کے لیے مسلح افواج ہر قیمت پر اپنے فرائض سرانجام دیتی رہیں گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button