بی جے پی حکومت نے ہجومی تشدد اورآن لائن گالم گلوچ کے لئے الگ الگ غنڈے پالے ہیں: پرشانت بھوشن
نئی دہلی : بھارت میں سینئر وکیل اورسماجی کارکن پرشانت بھوشن نے بی جے پی پر شدید تنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں دو قسم کے غنڈے پالے گئے ہیں جن میں ایک گروہ ہجومی تشدد جبکہ دوسرا سوشل میڈیا پر گالم گلوچ ،دھمکیاں دینے اورجھوٹی خبریں پھیلانے میں ملوثہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں صحافی سواتی چترویدی کی کتاب” آئی ایم اے ٹرول“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک منظم آن لائن گروہ وزیر اعظم کی حمایت میں کام کررہاہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے جن زی سے رابطہ قائم کرنے کی بھارتی حکومت کی حالیہ کوششوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش آن لائن بدتمیزی کے کلچر سے میل نہیں کھاتی ۔ پرشانت بھوشن کاکہنا ہے کہ نوجوانوں کے لیے سیاسی پیغام رسانی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر گالم گلوچ اور جھوٹی خبروں کو بھی روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ صحت مند عوامی گفتگو کے لیے احتساب ضروری ہے۔اس بیان سے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑگئی ہے اوربہت سے صارفین نے پرشانت بھوشن کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے مودی حکومت کو شدید تنقیدکا نشانہ بنایاہے۔






