راجوری اور پونچھ میں ٹرانسپورٹروں کی مطالبات کے حق میں ہڑتال
پہیہ جام ہڑتال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ معطل، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا

جموں:غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے راجوری اور پونچھ اضلاع میں ٹرانسپورٹروں نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں مکمل ہڑتال کی، جس کے باعث خطے میں پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بس اور ٹیمپو یونینوں نے راجوری، پونچھ اور جموں میں پہیہ جام ہڑتال کی، جس سے پیر پنجال خطے میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جموں بس اسٹینڈ سے چلنے والی بسیں سڑکوں سے غائب رہیں، جس کے باعث مسافروں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے ٹیکسیوں اور کیبز کا سہارا لینا پڑا۔رپورٹس کے مطابق ٹرانسپورٹرز طویل عرصے سے متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود ان کے مسائل حل نہیں کیے گئے۔ راجوری اور پونچھ کے بس اڈوں پر ٹرانسپورٹرز نے مختصر احتجاج بھی کیا۔پونچھ کے ٹرانسپورٹروں نے لزام عائد کیا کہ متعدد گاڑیاں بغیر جائز اجازت ناموں کے چل رہی ہیں۔
دریں اثنا، ٹرانسپورٹروں کے ایک وفد نے اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی۔






