نئی دلی : ایئر انڈیا کا تمام پائلٹس کے ڈرگ ٹیسٹ کرانے کا حکم
نئی دہلی: بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا گروپ نے ایک سنگین فضائی واقعے کے بعد اپنے تمام پائلٹس کے لازمی ڈرگ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ایئر انڈیا کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ کے تمام پائلٹس کی نشہ آور اشیا اور ممنوعہ ادویات کے لیے مکمل اسکریننگ کی جائے گی ۔موجودہ قواعد کے تحت بھارتی ایئرلائنز کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر سال اپنے کم از کم 10 فیصد فلائٹ عملے کے نشہ آور یاممنوعہ ادویات کے استعمال سے متعلق ٹیسٹ کریں۔یہ فیصلہ 4اگست کو پیش آنے والے ایک سنگین واقعے کے بعد کیا گیا ہے جب تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے نے اڑان کچھ ہی دیر بعد تقریبا 300فٹ بلندی سے نیچے گرنا شروع کردیاتھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 24 مسافر زخمی ہوئے تھے۔مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے کپتان نے مبینہ طور پر چرس استعمال کی تھی اور دوسرے تصدیقی ٹیسٹ میں بھی اس کے ڈرگ ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیاتھا۔ بھارتی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ وہ پرواز سے متعلق شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ تحقیقات میں طیارہ ساز کمپنی ایئربس اور فرانس کی سول ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی بھی معاونت کر رہی ہیں۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایئر انڈیا متعدد حادثات کے بعد اپنے آپریشنز میں اصلاحات کی کوشش کر رہی ہے۔جون 2025میں احمد آباد سے ٹیک آف کے فورا بعد لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے میں طیارے میں سوار تقریبا تمام 241 افراد اور زمین پر موجود 19 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جس سے ایئر انڈیا کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچاتھا۔








