نیشنل سوشلائٹ کونسل آف ناگالینڈ نےآسام رائفلز پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی
امپھال: نیشنل سوشلائٹ کونسل آف ناگالینڈ کے ’یونگ آنگ‘ دھڑے نے اروناچل پردیش کے ضلع چانگلانگ کے گاؤں ’ٹیکھاک تائپی‘ میں 21 آسام رائفلز کی چوکی پر ہونے والےحملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ حملہ 14 اگست کی صبح سویرے کیا گیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، اسی روز گروپ کے شعبہ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاتھا کہ ناگا آرمی کے ایک یونٹ نے صبح تقریباً 3 بجے یہ حملہ کیا۔ اس کے بعد ہونے والا فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 45 منٹ تک جاری رہا۔ نیشنل سوشلائٹ کونسل آف ناگالینڈ کے ’یونگ آنگ‘ دھڑے نے اس حملے کو ایک "براہِ راست اور ناگزیر اقدام” قرار دیا اور کہا کہ یہ ناگا عوام پر "مسلسل اور غیر منصفانہ تسلط” کے خلاف کیا گیا ہے۔ اس دھڑے نے ناگالینڈ کی مکمل خودمختاری کے اپنے مطالبے کا بھی اعادہ کیا۔ گروپ نے خبردار کیا کہ بھارتی افواج کے خلاف اس کی مسلح کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی اور ان میں شدت لائی جائے گی جب تک کہ وہ اپنے طے شدہ سیاسی اور علاقائی اہداف حاصل نہیں کر لیتے۔






