احتجاجی طلباء پر پولیس تشدد کی تحقیقات کیلئے ”اعلیٰ سطحی کمیٹی ”بنے گی، سپریم کورٹ

نئی دلی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ نئی دلی میں طلباء کے حالیہ احتجاج کے دوران پولیس کیطرف سے کیے گئے تشدد کے الزامات کی جانچ کیلئے عدالت عظمی اور ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ ججز ، ایک سابق ڈی جی پی اور سی بی آئی کے ایک سابق ڈائریکٹر پر مشتمل اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق چیف جسٹس سوریہ کانت ، جسٹس جئے ملیا ہاگچی اور جسٹس سی موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ کمیٹی کی تشکیل کا حکمنامہ جلد جاری کیا جائے گا ، اعلیٰ سطح کی اس کمیٹی کو حقائق کی جانچ کی ذمہ داری سونپی جائے گی ، اسے تمام ضروری سہولیتیں فراہم کی جائیں گی ۔ بنچ نے کہا کہ ہمیں یہ یقین ہے کہ یہ کمیٹی متاثرین سے فوری طورپر ملے گی اور ان کی بات سنے گی ۔ ہمیں کمیٹی کی سفارشات کا انتظار رہے گا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا اور جو بھی ذمہ دارہو گا اسکے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔








