مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،فاروق عبداللہ

سرینگر :نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی بحالی ان کی جماعت کے سیاسی ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور وہ اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی یکطرفہ منسوخی کے باوجود نیشنل کانفرنس اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور اپنی سیاسی اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے آواز بلند کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے زور دیا کہ جموں و کشمیر مومتعدد مسائل اور مشکلات لاحق ہیں، جس کا حل ایک مضبوط مینڈیٹ اور مکمل اختیارات کے حامل منتخب حکومت کی صورت میں ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کےحل، ترقی کو یقینی بنانے اور گورننس کو مستحکم کرنے کیلئے مضبوط حکومت کی اشد ضرورت ہے۔فاروق عبداللہ نے جمہوری اداروں کی مضبوطی اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ عوام کے جائز مطالبات اور حقوق کا تحفظ کیا جائے۔






