منی پور: ناگا تنظیم کا وزیراعلیٰ کے دورہ لوآنگ کائو کے بائیکاٹ کا اعلان
امپھال: شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں جوائنٹ ٹرائبز کونسل کی ورکنگ کمیٹی نے یمنم کھیم چند سنگھ کے 12 ستمبر کو لوآنگ کا ئوگائوں کے مجوزہ دورے کے بائیکاٹ کی اپیل کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جوائنٹ ٹرائبز کونسل نے کہاہے کہ وزیراعلی ناگا قیادت کی مشاورت کے بغیر لوآنگ کا ئوکا دورہ کرر ہے ہیں ۔تنظیم نے کہا کہ 13مئی کو لیلون وایپھی گائوں میں 6 لیانگمائی ناگا افراد کے مبینہ اغوا اور قتل کو 119روز گزر چکے ہیں، تاہم مقتولین کی لاشیں تاحال امپھال کے جے این آئی ایم ایس مردہ خانے میں موجود ہیں۔واقعے میں ملوث اب تک کسی بھی مجرم کو گرفتاری نہیں کیاگیاہے اور نہ ہی تحقیقات کسی حتمی نتیجے تک پہنچی ہیں ۔جوائنٹ ٹرائبز کونسل کا کہنا ہے کہ مقتولین کے خاندان انصاف اورملزمان کے خلاف کارروائی کے منتظر ہیں،لہذا مجرموں کو کیفر کردار پہنچائے بغیر ناگا علاقوں میں سرکاری یا ترقیاتی پروگرام منعقد کرنا متاثرہ خاندانوں کے لیے نامناسب اور توہین آمیز ہوگا۔تنظیم نے بی جے پی کی ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے ایسے دوروں سے پہلے 6مقتول ناگا افراد کے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ جوائنٹ ٹرائبز کونسل نے ناگا عوام، سول سوسائٹی اور برادری کے رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ 12ستمبر کووزیراعلیٰ کے پروگرام میں شرکت سے گریز کریں اور ایسے سرکاری رابطوں کا بائیکاٹ کریں جو ناگا عوام کی اجتماعی رائے کو نظرانداز کرتے ہوں۔تنظیم نے ناگا لیڈروں ، گائوں کی انتظامیہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ ترقیاتی منصوبوں، امدادی سرگرمیوں یا سیاسی مذاکرات سے متعلق حکومتی اجلاسوں میں اس وقت تک شرکت نہ کریں جب تک ناگا برادری کے مفادات پر اجتماعی مشاورت اور نمائندگی یقینی نہ بنائی جائے۔






